نئی دہلی 28جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) دہلی پولیس نے دہلی این سی آر میں غیر قانونی ہتھیار کی سپلائی کرنے کا ریکیٹ چلانے والے تین ملزمان کو بدھ کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کو ملزمان کے پاس سے اسلحہ اور کارتوس کا بڑا ذخیرہ بھی ملا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی شناخت سلیم، فیضان اور نسیم کے طور پر ہوئی ہے۔ فی الحال پولیس ملزمان سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر اس ریکیٹ سے منسلک دیگر ملزمان کی بھی تلاش میں مصروف ہے۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ملزمان کے عثمان پور علاقہ میں آنے کی اطلاع انہیں مخبر سے ملی تھی۔ اس اطلاع پر کام کرتے ہوئے ہماری ٹیم نے علاقے کا محاصرہ کیا اور بعد میں جب موقع پر پہنچے تو انہیں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس گاڑی کو بھی ضبط کر لیا ہے جس سے وہ موقع گرفتاری پر آئے تھے۔شمالی مشرق دہلی کے ڈپٹی کمشنر اتل ٹھاکر نے بتایا کہ پولیس کی ٹیم کو ملزمان کے پاس سے 26 پستول، 19 میگزین، 800 کارتوس برآمد کئے ہیں۔ پولیس تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ ملزم سلیم کا ایک شناسا نیپال میں ہے۔ وہ اسی شناسا سے کارتوس لے کر آیا تھاپولس کی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ ملزم کو دہلی کے ایک کسی بڑے گروہ کو سپلائی ہونے تھے۔ڈپٹی کمشنر ٹھاکر نے بتایا کہ ملزمان کے پاس سے ملے ہتھیاروں میں میڈ ان چائنا ٹیگ لگا ہوا ہے۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ ابھی اس بات کے ثبوت نہیں ملیں ہیں کہ ہتھیار کہاں بنے ہیں ۔پولیس فی الحال اس پورے معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔ غور طلب ہے کہ دہلی پولیس نے کچھ دن پہلے ہی ایسے ہی ایک ریکیٹ چلانے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ دہلی پولیس نے دو مبینہ ہتھیار اسمگلروں کو خود کار پستولوں کے ساتھ گرفتار کر کے ایک بین ریاستی ہتھیار اسمگلنگ ریکیٹ کا پردہ فاش کرنے کا دعوی کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر (جرائم) مدھر ورما نے بتایا کہ کرائم برانچ نے 35 سالہ دیپک کمار ساہا اور 34 سالہ ساجد کو گرفتار کیا ہے۔